چمن اور بلوچستان کے بارڈرز قانونی تجارت و عوامی آمدورفت کے لیے فوری کھولے جائیں: مولانا ہدایت الرحمن

بھتہ خوری اور ناکامیوں کے باعث عوام کا ایف سی پر سے اعتماد ختم، پولیس اور لیویز کی تربیت کی جائے امریکی پالیسی ترک کر کے افغانستان اور ایران سے دوستی و تجارت بڑھائی جائے: امیر جماعت اسلامی بلوچستان


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان اور ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ چمن سمیت بلوچستان کے بارڈرز فوری طور پر قانونی تجارت اور دونوں ممالک کے عوام کی آمدورفت کے لیے کھولے جائیں۔ منشیات سے بچاؤ اور صحت مندانہ زندگی گزارنے کے لیے بلوچستان کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو کھیلوں کے گراؤنڈز، سہولیات اور مراعات دی جائیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تجارت اور بھتہ خوری میں ملوث ہونے، عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی اور بداخلاقی کی وجہ سے بلوچستان کے عوام کا ایف سی پر سے اعتماد ختم ہو چکا ہے، لہٰذا پولیس اور لیویز کو سہولیات، تربیت اور توجہ دی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکی پالیسی کے بجائے قومی مفاد کی پالیسی اپنا کر افغانستان اور ایران سے دوستی اور تجارت بڑھائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمن کے دورے کے دوران وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
قبل ازیں، مولانا ہدایت الرحمن میزان فٹنس جیم کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ جیم چیمپئن شپ کے مہمانِ خصوصی تھے۔ مقابلے میں مسٹر جیم (سینئر) کا ٹائٹل نور اللہ اور مسٹر جیم (جونیئر) کا ٹائٹل نظام الدین نے جیتا۔ پروگرام کے اختتام پر انہوں نے جیم کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنی ذاتی جیب سے 50 ہزار روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مسٹر وہاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت مندانہ ماحول اور کھلاڑیوں کی سرپرستی سے کھیلوں کی سرگرمیاں تیز ہوتی ہیں، اس لیے حکومتی سطح اور مخیر حضرات کی جانب سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور گراؤنڈز آباد کرنے کی ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert