ہیٹ ویو کے دوران فرانس کے جنوب مغربی جنگلات میں آگ لگ گئی، ڈیڑھ لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور


فرانس(قدرت روزنامہ)ہیٹ ویو کےدوران فرانس کے جنوب مغربی جنگلات میں آگ لگنے کے سبب ڈیڑھ لاکھ افراد نقل مکانی پرمجبور ہوگئے ۔
فرانس میں حکام نے سیاحت کیلئے مشہور Cap Ferret سے مکمل انخلا کی ہدایت کردی ہے۔جہاں جنگلات کا 47 ہزارایکڑ رقبہ آگ سے متاثر ہے اور 100 سے زائد گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
فرانس کے صدر میکرون نے فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ آگ بجھانے میں مدد دے جبکہ میڈرڈ کے نواح میں بڑی آگ لگنے کے سبب اسپین میں اپنی نوعیت کی پہلی بار قومی ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں بھی آگ سے 43سے زائد گھر تباہ ہوئے ہیں۔میڈرڈ کے مغرب میں واقع پہاڑی علاقے سے 19 ہزار افراد کو انخلا کی ہدایت کی گئی ہے۔علاقے میں 2ہزار اہلکار اور 10 طیارے آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ فرانس میں جون کے دوران آنے والی شدید گرمی کی لہر کے باعث 17 جون سے 2 جولائی کے درمیان 5 ہزار 764 اضافی اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جو معمول کے مقابلے میں 36 فیصد زیادہ ہیں۔
فرانس کی قومی صحت ایجنسی کے مطابق 17 جون سے 2 جولائی کے دوران 21 ہزار 674 افراد مختلف وجوہات کے باعث انتقال کر گئے، معمول کے حالات میں یہ تعداد تقریباً 15 ہزار 910 ہونے کی توقع تھی۔

WhatsApp
Get Alert