محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید 24 گھنٹے جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی

لاہور(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے شہر میں بارشوں کا سلسلہ مزید 24 گھنٹے جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز شہر کا موسم ابر آلود رہا شہر میں سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقعہ ہوئی جو سردی میں اضافے کا باعث بنی جبکہ ہفتے کے روز صبح کے وقت شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گیا۔دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پيدا ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا جس کے پیش نظر ريسکيو ٹيموں کو ہائی الرٹ کرديا گیا ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ نے ایڈوائزری بھی جاری کی جس میں متعلقہ حکام کو سیلاب سے متعلق تمام ریسکیو کالز کو ترجیح دیے جانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے ای الیون، کرامڑی، سواں، بارہ کہو اور نالہ کورنگ اور دیگر علاقوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔یاد رہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث حادثات میں دو بچوں اور خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ چھتیں گرنے کے واقعات گوجرانوالہ، قصور، چنیوٹ اور گجرات میں ہوئے۔ اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی تیز بارش ہوئی، گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب، سانگلہ ہل، منڈی بہاؤالدین، چشتیاں، دنیا پور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی آسمان سے کھل کر پانی برسا۔اس کے علاوہ کوئٹہ، تربت، سبی، لسبیلہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے صوبے میں بارشوں سے نقصانات پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔