متحدہ عرب امارات میں ملازمین پر 3 ماہ کیلئے سخت دھوپ میں کام کرنے پابندی عائد

ملازمین کے دوپہرساڑھے 12 بجے سے شام 3 بجے تک دھوپ میں کام کرنے پر پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے پر کمپنی کو 5 ہزار سے50 ہزار درہم تک جرمانہ ہوگا، بیورو آف امیگریشن


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بیوروآف امیگریشن آف اوورسیزایمپلائمنٹ اسلام آباد کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ملازمین پر اگلے 3 ماہ کیلئے کھلی جگہوں اور دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے پر متعلقہ کمپنی کو 5 ہزار سے50 ہزار درہم تک جرمانہ ہوگا۔ متحدہ عرب امارات میں ہر سال تین ماہ کے لیے دوپہر کے اوقات میں ملازمین کے کھلی دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔
رواں سال پابندی کا اطلاق 15 جون سے شروع ہوچکا ہے اور 15 ستمبر تک جاری رہےگا۔ اس دوران ملازمین کے دوپہر 12:30 بجے سے شام 3:00 بجے تک کھلی جگہوں اور تپتی دھوپ میں کام کرنے پر سخت پابندی ہوگی۔
تاہم کچھ کاموں جیسے اسفالٹ بچھانے اور کنکریٹ ڈالنے کے کاموں کو اس پابندی سے چھوٹ حاصل ہوگی۔
پانی، بجلی اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کیلئے ضروری ہنگامی مرمتی کام بھی پابندی سے استثنا ہوگی۔
قوانین کے مطابق کمپنیوں پر لازم ہوگا کہ وہ پابندی کے اوقات میں ملازمین کو آرام کے لیے سائے دار جگہیں، پنکھے، پینے کا صاف پانی اور ہائیڈریشن کا دیگر ضروری سامان بھی مہیا کرنا ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے پر کمپنی کو 5 ہزار سے 50 ہزار درہم تک جرمانہ ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert