روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین ، ایک ہفتے میں پیٹرول 20 اور ڈیزل 55 روپے مہنگا ہو گیا
17 جولائی کو کابینہ نے فیصلہ کیا تھا اوگرا روزانہ کی بنیاد پر عالمی منڈی کو مدنظر رکھ کر قیمتوں کا فیصلہ کرے گی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے فیصلے کے بعد ایک ہفتے کے دوران اب تک پیٹرول 20 روپے 81 پیسے اور ڈیزل 55 روپے 36 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 18 جولائی سے پیٹرول 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔
اس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین 21 جولائی کو ہوا جس میں پٹرول 35 پیسے سستا جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔
22 جولائی کیلئے پیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 15 پیسے مہنگا کیا گیا جبکہ 23 جولائی کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔
گزشتہ روز 24 جولائی کو بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ، پیٹرول کی قیمت 4 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی۔
قیمتیں بڑھنے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
واضح رہے 17 جولائی کو کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ اوگرا یومیہ بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کا فیصلہ کرے گی، اوگرا یومیہ بنیاد پر عالمی منڈی کو مدنظر رکھ کر قیمتوں کا تعین کرے گی۔
