دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لئے بلوچستان میں فوجی آپریشن ہونا چاہیے، صادق عمرانی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لئے صوبے میں فوجی آپریشن ہونا چاہئے اور پیپلز پارٹی قومی سلامتی اور امن کے حوالے سے پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ”آن لائن“ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے صوبائی وزراء اور پارلیمانی نمائندوں کی کراچی میں تین گھنٹے ملاقات رہی جس میں بلوچستان کی صورتحال ، امن وامان کی بحالی، ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف امور زیر بحث آئے اور صورتحال کو بہتر بنانے اور امن کی بحالی کیلئے مختلف تجاویز دی گئی جس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اس میں کوئی دورائے نہیں کہ پیپلز پارٹی کی جڑیں عوام میں ہیں اور ہم عوام کے تعاون سے ہی صورتحال کو بہتر بنائیں گے ۔
ایک سوال کے جواب میں میر محمد صادق عمرانی نے بتایا کہ پارلیمانی وفد اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات کے موقع پر وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ویڈیو کال پر لینے کے لئے رابطہ کیا گیا لیکن وہ ملتان سے روانہ ہو چکے تھے ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔
وزیر اعلی کی تبدیلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ کافی عرصے سے وزیرا علیٰ بلوچستان کی تبدیلی کی افواہیں گردش کر رہی ہے اور یہ افواہیں ہی رہیں گی۔ وزیر اعلیٰ اپنی ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
امن کی بحالی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کی حالی عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قومی شاہراہوں کو سفر کیلئے محفوظ بنانے کے لئے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ناگزیر ہے کیونکہ دہشت گردی کی وجہ سے حالات ابتری کی جانب گئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert