سندھ میں بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ, طاقتور ہوائیں جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں


کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ, طاقتور ہوائیں جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں.
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اور اس سے ملحقہ علاقے میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، ​بحیرۂ عرب سے مون سون کی طاقتور ہوائیں جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں۔سندھ کے مختلف اضلاع میں آج 27 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، ​27 جولائی تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، سانگھ، بینظیرآباد، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، خیرپور اور دادو سمیت دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
بارشوں سے تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ تیزہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ ​کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران مطلع زیادہ تر ابر آلود اور موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
​محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کے دیگر مقامات پرآئندہ 3 روز کے دوران بوندا باندی ہوسکتی ہے، آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ اتوار اور پیر کو درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert