حاجی ولی نورزئی سے مذاکرات کامیاب ‘ کوئٹہ میں واٹر ٹینکر اور واٹر سپلائی ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم، شہریوں کے لیے پانی کی فراہمی بحال

حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان کامیاب مذاکرات، مسائل کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، مثبت پیش رفت پر ٹینکر مالکان کا وزیراعلیٰ بلوچستان سے اظہار تشکر


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)کوئٹہ میں واٹر ٹینکر اور واٹر سپلائی ایسوسی ایشن کی ہڑتال حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کردی گئی۔پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی سے واٹر ایسوسی ایشن کے رہنماں کے مذاکرات کے بعد کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹینکر مالکان کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا واٹر ٹینکر مالکان کے تمام مطالبات وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے سامنے پیش کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ہمارا شہر ہے اور اس کے مسائل کا حل بھی ہماری ذمہ داری ہے، حکومت شہریوں کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے اور واٹر سپلائی کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جا رہا ہے۔دوسری جانب واٹر ٹینکرز ایسوسی ایشن کے صدر نجیب ترین نے کہا کہ حکومتی یقین دہانی کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان اور حاجی ولی محمد نورزئی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ٹینکر مالکان کے مسائل سنے۔واٹر سپلائی ایسوسی ایشن کے صدر جمیل اچکزئی نے بھی مذاکرات میں تعاون پر حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مطالبات کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert