بلوچستان کی پہلی خاتون کوہ پیما ملائکہ خلجی کوئٹہ پہنچ گئیں، شاندار استقبال


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کی پہلی خاتون کوہ پیما ملائکہ خلجی سکردو میں 6 ہزار میٹر بلند چوٹی سر کرنے کے بعد کوئٹہ پہنچ گئیں، جہاں ان کے رشتہ داروں، عزیز و اقارب اور مداحوں نے کوئٹہ ائیرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
کوئٹہ ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملائکہ خلجی نے کہا کہ بلوچستان کی پہلی خاتون کوہ پیما بننا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور وہ اس کامیابی کو صوبے کی تمام خواتین اور نوجوانوں کے نام کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سکردو کی 6 ہزار میٹر بلند چوٹی سر کرنا آسان نہیں تھا اور اس دوران انہیں شدید موسمی حالات، دشوار گزار راستوں اور دیگر چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، تاہم عزم اور محنت کے باعث وہ اپنی منزل حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
ملائکہ خلجی نے کہا کہ ہائکنگ اور کوہ پیمائی کے شوق کو پورا کرنے کے لیے انہیں متعدد مشکلات برداشت کرنا پڑیں، لیکن انہوں نے اپنے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں کوہ پیمائی، ہائکنگ اور ایڈونچر اسپورٹس کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو اس شعبے میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور متعلقہ ادارے اس شعبے پر توجہ دیں تو بلوچستان کے نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert