ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کے لیے اہم خبر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد کائنات اظہر خان کا کہنا ہے کہ محفوظ سفر کے لیے ہر اہل شہری کا ڈرائیونگ لائسنس بنوانا اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق رواں سال اب تک 4 لاکھ 37 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق مختلف سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو بروقت، شفاف، پیپر لیس اور کیش لیس سروسز کی فراہمی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

ترجمان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے لائسنسنگ نظام کو تیز تر بناتے ہوئے مختلف سروسز فراہم کی گئیں۔

82 ہزار سے زائد شہریوں کو نئے لرنر ڈرائیونگ پرمٹ، 75 ہزار سے زائد شہریوں کو نئے (فریش) ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے جبکہ 48 ہزار سے زائد شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا عمل مکمل کیا گیا۔

اس کے علاوہ 4 ہزار 300 سے زائد شہریوں کو ڈوپلیکیٹ لائسنس جاری کیے گئے جبکہ 7 ہزار سے زائد شہریوں کے لائسنسز کو دوسرے اضلاع/اقسام سے کنورٹ اور انڈورس کیا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد کائنات اظہر خان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو شفاف، تیز رفتار اور معیاری خدمات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، لائسنسنگ نظام میں کی جانے والی جدید اصلاحات کی بدولت اب عوام کو انتہائی آسان اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر آ رہی ہیں۔

کائنات اظہر خان کا مزید کہنا تھا کہ جدید خدمت مراکز، ڈیجیٹل سروسز اور عوام دوست اقدامات کے ذریعے اسلام آباد ٹریفک پولیس وفاقی دارالحکومت میں ایک محفوظ، منظم اور قانون پسند ٹریفک کلچر کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے شہریوں سےاپیل کی محفوظ سفر کے لیے ہر اہل شہری کا ڈرائیونگ لائسنس بنوانا اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ناگزیر ہے، شہری دورانِ ڈرائیونگ اپنا لائسنس ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں اور قوانین کی پابندی کو اپنی اخلاقی و قانونی ذمہ داری بنائیں۔”

WhatsApp
Get Alert