پرواز کے دوران پاور بینک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، طیارے میں خوف و ہراس پھیل گیا


بیجنگ(قدرت روزنامہ)چین کی ایک پرواز میں لینڈنگ کے فوراً بعد اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب اوورہیڈ لاکر میں رکھا ایک پاور بینک اچانک آگ پکڑ گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عملے کا ایک رکن سامان رکھنے والا لاکر کھولتا ہے تو اندر سے تیز شعلے بھڑکتے نظر آتے ہیں۔
واقعے کے دوران مسافر گھبرا کر اپنی نشستوں سے دور ہٹنے لگے، جبکہ ایک شخص اپنے کمسن بچے کو فوری طور پر محفوظ مقام پر لے جاتا دکھائی دیا۔ طیارے کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اوورہیڈ لاکر سے سامان نکالا اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔
یہ واقعہ گزشتہ روز چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کی پرواز MU2421 میں پیش آیا، جو لانژو سے گوئی یانگ جا رہی تھی۔ خوش قسمتی سے اس وقت طیارہ لینڈ کر چکا تھا اور رن وے سے ٹرمینل کی جانب بڑھ رہا تھا۔
عملے نے آگ پر قابو پا لیا، جبکہ ایئرپورٹ کی فائر سروس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔


حکام کے مطابق آگ ایک مسافر کے ہینڈ کیری بیگ میں موجود پورٹیبل بیٹری (پاور بینک) میں اچانک خرابی پیدا ہونے کے باعث لگی، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert