عظمیٰ بخاری نے نواز شریف کو ’وزیراعظموں کا وزیراعظم‘ قرار دے دیا

نوازشریف کو کسی وزیراعظم کے ٹیگ کی ضرورت نہیں، وہ وزیراعظموں کے بھی وزیراعظم ہیں؛ وزیراطلاعات پنجاب کی پریس کانفرنس


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کو کسی وزیراعظم کے ٹیگ کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ “وزیراعظموں کے بھی وزیراعظم” ہیں، انہوں نے یہ بات لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے مون سون بارشوں کے دوران پنجاب حکومت کی کارکردگی، نکاسیٔ آب کے اقدامات اور مختلف انتظامی امور پر بھی اظہار خیال کیا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت مون سون سیزن سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی مکمل تیاری کر چکی تھی، وزیراعلیٰ نے متعدد اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی ہدایات جاری کیں اور مون سون اسپیل سے قبل ضروری حفاظتی اور انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا، اس سال مون سون کی شدت گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، محکمہ موسمیات نے یکم اگست سے مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی بھی کر رکھی ہے۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ندی نالوں، سیوریج لائنوں اور مین ہولز کی بروقت ڈی سلٹنگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی تاکہ شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ سے بچا جا سکے، گزشتہ سال کے مقابلے میں اس مرتبہ زیادہ بارشیں ہوئیں اور پانی بھی زیادہ آیا، تاہم پنجاب میں کہیں بھی پانی کھڑا نہیں ہونے دیا گیا، جب بھی شدید بارش ہوتی ہے تو متعلقہ ادارے چند گھنٹوں کے اندر نکاسیٔ آب کا عمل مکمل کرلیتے ہیں، جس کی بدولت شہری زندگی معمول کے مطابق جاری رہتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کراچی اور لاہور کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے آنے والے بعض شہریوں نے بارش کے دوران لاہور کی سڑکوں اور انڈر پاسز کی ویڈیوز بنا کر یہ دکھایا کہ وہاں پانی کھڑا نہیں تھا، جبکہ کراچی میں اسی نوعیت کی بارش کے بعد گاڑیاں پانی میں تیرتی دکھائی دیتی ہیں، یہ فرق اس لیے ہے کیوں کہ گزشتہ سال بھی بروقت اقدامات کے باعث پنجاب خصوصاً لاہور کو شہری سیلاب جیسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا، اسی حکمت عملی کو اس سال بھی مؤثر انداز میں جاری رکھا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert