کیچ، مکران رینج پولیس کی ہیرونک چیک پوسٹ پر کارروائی، 28 غیر قانونی افغان باشندے تحویل میں لے لئے گئے


کیچ(قدرت روزنامہ)مکران رینج پولیس نے غیر قانونی نقل و حرکت کے خلاف کارروائیاں مزید مثر بناتے ہوئے ہیرونک چیک پوسٹ پر معمول کی چیکنگ کے دوران 28 غیر قانونی افغان باشندوں کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی معمول کی تلاشی اور سفری دستاویزات کی جانچ کے دوران عمل میں لائی گئی، جس کا مقصد علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے، غیر قانونی آمدورفت کی روک تھام اور امیگریشن قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانا ہے کیچ پولیس مکران رینج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ہیرونک چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے ایک مسافر وین کو مشکوک جانتے ہوئے روکا اور اس میں سوار تمام افراد کی شناخت، سفری دستاویزات اور رہائشی حیثیت کی مکمل جانچ پڑتال کی۔ تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ وین میں سوار 28 افراد افغان شہری ہیں جو پاکستان میں قیام یا سفر کے لیے مطلوبہ قانونی سفری یا رہائشی دستاویزات اپنے ہمراہ نہیں رکھتے تھے یو این اے کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تحویل میں لیے گئے افراد میں 14 مرد، 8 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔ تمام افراد کو موقع پر حراست میں لینے کے بعد متعلقہ پولیس تھانے منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے اور امیگریشن قوانین کے مطابق قانونی کارروائی جاری ہے بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام افراد کی بائیو ڈیٹا تصدیق، شناختی معلومات کی جانچ اور دیگر قانونی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں، جس کے بعد انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے گا تاکہ ملکی قوانین اور ضابطوں کے مطابق آئندہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مکران ڈویژن میں داخلی اور خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ غیر قانونی نقل و حرکت، انسانی اسمگلنگ اور غیر دستاویزی افراد کی آمدورفت کی مثر روک تھام کی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے مختلف شاہراہوں اور داخلی راستوں پر چیکنگ کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جا رہا ہے کیچ پولیس نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی، شہریوں کے تحفظ اور سرحدی و داخلی راستوں پر مثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر قانونی نقل و حرکت کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert