مومنہ اقبال مبینہ ہراسگی کیس؛ ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

لاہور(قدرت روزنامہ)اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کو تفتیش کے دوران قصوروار قرار دیا ہے، عدالت نے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔
اطلاعات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر درج مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کی، سماعت کے دوران اداکارہ کی جانب سے ایڈووکیٹ عدنان احسان اور ثاقب چدھڑ کی جانب سے رانا معروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ثاقب چدھڑ کے خلاف تفتیش مکمل کرلی گئی ہے اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر انہیں تفتیش میں قصوروار پایا گیا ہے، تاہم ثاقب چدھڑ کی اہلیہ سمیرا نے 2 روز قبل اپنا موبائل فون این سی سی آئی اے کے حوالے کیا تھا، جسے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے، فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی پیشرفت کی جائے گی۔
اداکارہ مومنہ کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ
عدالت نے ثاقب چڈھر اور انکی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانتوں میں 3 ستمبر تک توسیع کردی
ثاقب چدھڑ کی حد تک تفتیش مکمل ہوچکی ہے۔ثاقب چدھڑ تفتیش میں قصور وار پایا گیا ہے۔ تفتیشی افسر
ثاقب چدھڑ کی اہلیہ سمیرا نے دو روز قبل این سی… pic.twitter.com/No5rUppNyY
— Muhammad Umair (@MohUmair87) July 28, 2026
سماعت کے دوران مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کی عبوری ضمانت خارج کی جائے کیونکہ ان کی آزادی درخواست گزار کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے، اس کے جواب میں ملزمان کے وکیل نے عبوری ضمانت برقرار رکھنے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے فریقین کے ابتدائی مؤقف اور تفتیشی افسر کی رپورٹ سننے کے بعد حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کردی اور کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی گئی۔
