وزیراعظم عمران خان کا فروری کے پہلے ہفتے دورہ چین کا امکان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان کا فروری میں دورہ چین کا امکان ہے۔ پاک چین حکام دورے کی حتمی تاریخیں طے کرنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اہم ترین دورہ چین کے لیے فروری کے پہلے ہفتے کی تاریخیں زیر غور ہیں تاہم دونوں ملکوں کے حکام نے حتمی ڈیڈ لائن کیلئے متعدد بار ملاقاتیں کی ہیں ۔
وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کا بیجنگ کا دورہ بھی متوقع ہے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران چینی صدر جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ اور دیگر معززین سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات بھی ہوں گے۔ وزیراعظم چینی تاجر برادری اور صنعتکاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔وزیراعظم کے دورے میں سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری، بڑی چینی صنعتوں کی نقل مکانی، ریلوے ایم ایل ون منصوبے کے جلد آغاز اور اس سلسلے میں سرمایہ کاری کے مسائل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ٹیکنالوجی، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی غور کیا جائے گا۔