نوشکی اور چاغی میں بدامنی : سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملے اور گاڑیاں نذرِ آتش


نوشکی(قدرت روزنامہ)ضلع نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد مختلف علاقوں میں شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ذرائع کے مطابق غریب آباد میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملے کے بعد فائرنگ شروع ہوئی، جبکہ بدل کاریز، کلی فقیران اور گردونواح سے بھی وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر نوشکی شہر کا مرکزی بازار بند ہونا شروع ہوگیا ہے اور شہریوں میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔سرکاری سطح پر حملے یا ممکنہ جانی نقصان کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ ضلع چاغی کے علاقے پدگ میں نامعلوم مسلح افراد نے ہوٹل کے سامنے کھڑی ٹرالر اور بوزر گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کے بعد پانچ ٹرالر اور دو بوزر گاڑیوں کو آگ لگا کر نذرِ آتش کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق حملے کے دوران فائرنگ کی زد میں آ کر ایک ڈرائیور زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ نذرِ آتش ہونے والی گاڑیوں سے ہونے والے مالی نقصان کا بھی تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert