پہلے ٹیسٹ میں شکست: سرفراز احمد ٹیم کی کارکردگی سے ناخوش،تبدیلیوں کا عندیہ دیا

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 90 رنز کی شکست کے بعد دوسرے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا اشارہ دے دیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کی بیٹنگ، خاص طور پر دوسری اننگز میں، توقعات کے مطابق نہیں رہی، جو شکست کی بڑی وجہ بنی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنی چاہیے تھی، تاہم ٹیم اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔
انہوں نے امام الحق کی اننگز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے، لیکن اگر وہ مزید صبر کا مظاہرہ کرتے تو ٹیم بہتر پوزیشن میں آ سکتی تھی۔
ہیڈ کوچ نے تیسرے روز بولرز کی کارکردگی پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈیز کو آٹھویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت قائم کرنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے تھا۔
انہوں نے پانچ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے کنڈیشنز کا درست اندازہ لگا کر یہ حکمت عملی اپنائی تھی۔
سرفراز احمد نے مزید بتایا کہ سعود شکیل اور عبداللہ شفیق بدستور انتخاب کے لیے زیر غور ہیں، تاہم دوسرے ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون کا حتمی فیصلہ وکٹ اور میچ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
