گوادر پولیس کی کارروائی، 12 یرغمالی افراد بازیاب، 3 ملزمان گرفتار

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) گوادر سٹی پولیس نے کارروائی کے دوران پنجاب سے تعلق رکھنے والے 12 یرغمالی افراد کو بحفاظت بازیاب کر لیا جبکہ تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران پانچ گاڑیاں بھی اپنی تحویل میں لے لیں۔پولیس کے مطابق کارروائی ڈی آئی جی مکران رینج عمران قریشی اور ایس ایس پی گوادر عطاء الرحمن کی ہدایت پر نیو ملابند کے علاقے میں کی گئی۔ گرفتار ملزمان میں نادر شاہ ولد قادر داد شاہ، سکنہ آواران حال گوادر، عبدالماجد ولد شیر محمد، سکنہ پنجگور حال گوادر، اور ظہیر الدین شاہ ولد عطائ محمد شاہ، سکنہ آواران حال گوادر شامل ہیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق متاثرہ افراد کو روزگار کا جھانسہ دے کر پنجاب سے گوادر بلایا گیا، جہاں انہیں یرغمال بنا کر ان کے اہلِ خانہ سے رقم منگوانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ گوادر پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
