نوازشریف لاہور کی سیٹ ہار چکے اب کشمیری عوام کو کہتے کہ میں وزیراعظم بننا چاہتا ہوں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ نوازشریف لاہور کی سیٹ ہار چکے اب کشمیری عوام کو کہتے کہ میں وزیراعظم بننا چاہتا ہوں، کشمیری عوام کو آپ بسوں سے خرید نہیں سکتے، آزاد کشمیر میں الیکشن نہیں ہوئے صرف ٹھپے لگے ہیں۔ انہوں نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کا عدم اعتماد اور ریفرنڈم ہے، نوازشریف نے خواہش کی کہ وہاں وزیراعظم بنے لیکن کشمیری عوام کو آپ بسوں سے خرید نہیں سکتے، کشمیری عوام نے ان کے نظریے کو مکمل طور پر رد کردیا ہے، آزاد کشمیر میں وہ الیکشن نہیں ہوئے جو جمہوریت میں ہوتے ہیں وہاں صرف ٹھپے لگے، اسلام آباد جتنی آبادی کے علاقے میں تین فیز میں انتخابات ہونا، ایسے انتخابات تو کبھی لوکل باڈی کے نہیں ہوئے۔
پہلے 27 جولائی کو 13سیٹوں کا الیکشن، پھر 2 اگست کو 9سیٹوں کا الیکشن اور پھر 11اگست کو 11سیٹوں کا الیکشن ہو، آزاد کشمیر میں وہ الیکشن نہیں ہوئے جو جمہوریت میں ہوتے ہیں وہاں صرف ٹھپے لگے۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ یہ تو جمہوریت کے ساتھ مذاق سے بھی زیاد ہ ہے، میاں نوازشریف خود لاہور کی سیٹ ہار چکے اب کشمیری عوام کا وزیراعظم بننا چاہتے ہیں؟ لیکن آزاد کشمیر کے لوگوں نے ان کو درست راستہ دکھایا ہے۔
کشمیر ایک حساس علاقہ ہے کشمیر کی کاز کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیئے، ریاست ہوش کے ناخن لے۔ ہر کشمیری پاکستانی ہے ہر پاکستانی کشمیری ہے۔ پاکستان میں کشمیر اہمیت رکھتا ہے کشمیر لاہور یا کشمور نہیں بنے گا۔ کشمیر پاکستان شہہ رگ ہے ہم اس مسئلے کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرحلہ وار الیکشن غلط ہے، دونوں جماعتوں اور حکومت اور جو لوگ ان حکومتوں کو لائے تھے، وہ لوگ جو امن وامان کی صورتحال کے ذمہ دار ہیں، وہ سب ناکام ہوئے۔ ان دونوں جماعتوں نے آزاد کشمیر کا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔ آج بھی جی بی میں ایک ایسے وزیر کو بٹھایا گیا جو پی ٹی آئی کے نام پر جیت چکا ہے۔جمہوریت تب کامیاب ہوتی ہے جب آپ سیاست کی بجائے عوام کا سوچتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert