عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان

واشنگٹن )(قدرت روزنامہ)مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امریکا۔ایران تنازع کے باوجود عالمی منڈی میں ایک بار پھر خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق باب المندب کے راستے آئل ٹینکرز کی مسلسل آمدورفت نے سپلائی میں تعطل کے خدشات کو کسی حد تک کم کر دیا جس سے قیمتوں پر دباؤ آیا۔

اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.42 فیصد کمی کے بعد 89.45 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 0.66 فیصد کمی کے ساتھ 83.90 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ خطے میں فوجی کشیدگی برقرار ہے اور امریکا و ایران کے درمیان تنازع مزید پھیلنے کے خدشات موجود ہیں تاہم بحری جہازوں کی نقل و حرکت جاری رہنے اور متبادل شپنگ روٹس استعمال کیے جانے سے عالمی منڈی کو یہ اطمینان ملا ہے کہ تیل کی سپلائی فوری طور پر شدید متاثر نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن میں ایران سے متعلق بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث برینٹ خام تیل تقریباً 8 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی 6.5 فیصد سے زائد مہنگا ہو گیا تھا جو حالیہ مہینوں میں قیمتوں میں سب سے بڑے اضافوں میں سے ایک تھا۔ تاہم تازہ کاروباری سیشن میں سرمایہ کاروں کے خدشات میں نسبتاً کمی آنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں بھی نرمی دیکھی گئی۔

WhatsApp
Get Alert