پاکستان کیلئے بڑا معاشی ریلیف، سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر قرض دوبارہ رول اوور کردیا

سعودی عرب کی جانب سے رول اوور کیا گیا یہ قرض دراصل وہ مالی سہولت ہے جو پاکستان کو متحدہ عرب امارات کے واجبات کی ادائیگی میں معاونت کے لیے فراہم کی گئی تھی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو ایک بار پھر رول اوور کردیا، جس کی وفاقی وزیر خزانہ نے بھی تصدیق کردی، اس پیشرفت کو پاکستان کی بیرونی مالی پوزیشن کیلئے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہونے اور بیرونی ادائیگیوں میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے رول اوور کیا گیا قرض دراصل وہ مالی سہولت ہے جو پاکستان کو متحدہ عرب امارات کے واجبات کی ادائیگی میں معاونت کے لیے فراہم کی گئی تھی، اس سہولت کی ابتدائی مدت تین ماہ مقرر کی گئی تھی، تاہم اب اسے مزید توسیع دیتے ہوئے دوبارہ رول اوور کر دیا گیا ہے، جس سے پاکستان کو فوری طور پر 5 ارب ڈالر کی ادائیگی کے دباؤ سے نجات مل گئی۔
اسٹیٹ بینک حکام نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے قرض رول اوور کیے جانے کے بعد پاکستان کی مجموعی بیرونی مالی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے، سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک کی جانب سے مجموعی طور پر 5 ارب ڈالر کے رول اوور انتظامات کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں نمایاں کمی آئی ہے اور حکومت کو قلیل مدتی بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے حوالے سے خاطر خواہ ریلیف حاصل ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس وقت سعودی عرب کے پاکستان میں مجموعی ڈپازٹس 8 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، جو دونوں برادر ممالک کے مضبوط اقتصادی تعلقات اور سعودی حکومت کے پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہیں، پاکستان نے رواں سال اپریل میں بھی سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر کی مالی سہولت حاصل کی تھی، جبکہ مالی سال 2026/27ء کے دوران ملک کی بیرونی مالی ضروریات کم ہو کر 21.5 ارب ڈالر رہ گئی ہیں، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نسبتاً کم سطح ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ غیرملکی قرضوں پر سود کی ادائیگی میں بھی تقریباً نصف ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے حکومتی مالی بوجھ کم ہوگا اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل مختص کرنے میں سہولت ملے گی، پاکستان جولائی کے دوران 2.2 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے واپس بھی کر چکا ہے، تاہم سعودی عرب کی جانب سے قرض رول اوور کیے جانے کے باعث ان ادائیگیوں کے باوجود ملکی معیشت کو اہم سہارا ملا ہے۔

WhatsApp
Get Alert