الیکشن کمیشن کا محمود خان اچکزئی کو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا سربراہ تسلیم کرنے سے انکار ‘ انٹرا پارٹی انتخابات نہیں ہوئے، اس لیے اس وقت کوئی پارٹی چیئرمین موجود نہیں ہے، چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے انٹرا پارٹی انتخابات، آئین میں تبدیلی اور پارٹی اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران محمود خان اچکزئی کو پارٹی سربراہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی، جس میں پی کے میپ کے وکیل پیش ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے وکیل سے پاور آف اٹارنی پر دستخط کرنے والے شخص سے متعلق استفسار کیا، جس پر وکیل نے بتایا کہ اس پر پارٹی چیئرمین کے دستخط ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ چونکہ انٹرا پارٹی انتخابات نہیں ہوئے، اس لیے اس وقت کوئی پارٹی چیئرمین موجود نہیں ہے،کمیشن نے پاور آف اٹارنی ریکارڈ پر لینے اور اس کی حیثیت سے متعلق الگ حکم جاری کرنے کا عندیہ دیا۔
پی کے میپ کے وکیل کی استدعا پر مزید دلائل کے لیے سماعت 19 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
