پنجاب کی ترقی میں خواتین کا کردار ناقابلِ فراموش، یونیفارم صرف لباس نہیں بلکہ ایک عظیم ذمہ داری ہے، مریم نواز


لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین آج پنجاب کی ترقی، گورننس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامی شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردی صرف لباس نہیں بلکہ عوام کی خدمت، انصاف کی فراہمی اور وطن کا قرض ادا کرنے کی علامت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ آج ایک ہزار ایک سو سے زائد خواتین کیڈٹس پولیس فورس کا حصہ بن رہی ہیں، جبکہ پنجاب پولیس میں پہلے ہی چار ہزار سے زیادہ خواتین مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاتون وزیراعلیٰ ہونے کے ناطے یہ ان کے لیے باعثِ فخر ہے کہ پنجاب خواتین کو بااختیار بنانے میں ملک کا سب سے نمایاں صوبہ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب صرف ترقی، گورننس اور جدید ٹیکنالوجی میں ہی آگے نہیں بلکہ خواتین کو قیادت کے مواقع فراہم کرنے میں بھی سب سے آگے ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج خواتین پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ، کابینہ، پارلیمنٹ، ضلعی انتظامیہ، کمشنرز، ڈی پی اوز اور عدلیہ سمیت مختلف اہم شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں خواتین، جو آبادی کا 51 فیصد ہیں، ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کریں، اس کی ترقی کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
وزیراعلیٰ نے پاسنگ آؤٹ کرنے والی خواتین اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی اور بھاری اسلحہ اٹھا کر پریڈ میں شرکت ان کے عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ جذبے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردی صرف ایک لباس نہیں بلکہ ایک عظیم ذمہ داری، فرض اور اس دھرتی کا قرض ہے، جسے عوام کی خدمت، قانون کی پاسداری اور انصاف کی فراہمی کے ذریعے ادا کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے نئی خواتین پولیس اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت، جرات اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ ادا کریں اور پنجاب پولیس کی نیک نامی میں مزید اضافہ کریں۔

WhatsApp
Get Alert