ثاقب چدھڑ نے اداکارہ عروبہ مرزا کے الزامات پر ردعمل دے دیا
اختلافات یا دشمنی اپنی جگہ، لیکن دشمنوں میں بھی کچھ کلاس ہونی چاہیے اور وہ خاندانی ہونے چاہئیں، لیگی ایم پی اے کا طنز

لاہور(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے اداکارہ عروبہ مرزا کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبینہ پرانے پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کیے جانے کے بعد پہلی بار ردعمل دیتے ہوئے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔ گزشتہ روز قبل عروبہ مرزا نے انسٹاگرام پر ایسے اسکرین شاٹس شیئر کیے تھے جن کے بارے میں ان کا دعویٰ تھا کہ وہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات ہیں۔
اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے ثاقب چدھڑ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ان کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ بنایا گیا تھا، جس سے یہ پیغامات بھیجے گئے، جبکہ ان کا اصل اکاؤنٹ وہ خود استعمال کرتے ہیں۔

رکنِ پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ عروبہ مرزا کبھی بھی ان کے لیے اس قدر اہم نہیں رہیں کہ ان کے درمیان کسی قسم کے تعلق کو اس انداز میں پیش کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف بے بنیاد تاثر قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ثاقب چدھڑ نے اپنی اسٹوری میں طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات یا دشمنی اپنی جگہ، لیکن دشمنوں میں بھی کچھ کلاس ہونی چاہیے اور وہ خاندانی ہونے چاہئیں۔ یاد رہے اداکارہ مومنہ اقبال اور سیدہ طوبیٰ کی جانب سے بھی ثاقب چدھڑ سے منسوب مبینہ پیغامات کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے تھے، جس کے بعد یہ معاملہ عوامی توجہ کا مرکز بن گیا تھا۔
