مایوسی نہ پھیلائیں لوگوں کو امید دیں، حسن ایوب کا محسن نقوی کے بیان پر ردعمل

مایوسی پھیلانا ان کا کام نہیں بنتا تھا، ان کا کام لوگوں کو امید دینا ہے، انہیں اگر اظہار کرنا ہے تو اس طرح نہ کریں، تجزیہ کار کی گفتگو


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تجزیہ کار حسن ایوب نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام میں مایوسی پھیلانا کسی بھی ذمہ دار شخصیت کا کام نہیں ہونا چاہیے بلکہ قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو امید، اعتماد اور حوصلہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو اپنے خیالات یا تحفظات کا اظہار کرنا بھی ہو تو اسے ایسا انداز اختیار کرنا چاہیے جس سے معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ ملے، نہ کہ بے یقینی پیدا ہو۔
نجی ٹی وی کے پروگررام میں گفتگو کرتے ہوئے حسن ایوب نے کہا کہ بالکل یہ بات ٹھیک ہے صرف لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ یا چند ہزار روپے کی مالی امداد دے کر عوام کا اعتماد حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق عوام کا حقیقی اعتماد اس وقت بحال ہوگا جب ملک میں شفاف طرزِ حکمرانی، انصاف اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ اگر مختلف اداروں میں کرپشن ہو رہی ہے، میرٹ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے یا قومی ترجیحات درست انداز میں طے نہیں کی جا رہیں تو ان مسائل کی نشاندہی کرنا ہر باشعور شہری اور ذمہ دار طبقے کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غلطیوں اور خامیوں پر خاموش رہنے کے بجائے ان پر آواز اٹھانا ہی اصلاح کا راستہ ہے۔ ان کے بقول، اگر معاشرے میں احتساب، شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا جائے تو عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بھی مضبوط ہوگا اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہو سکے گا۔ یاد رہے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ ملک کا موجودہ انتظامی نظام اپنی افادیت کھو چکا ہے اور نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے۔ملک کی بہتری اور ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے، کیونکہ موجودہ نظام اپنی افادیت کھو چکا ہے اور اس کے ذریعے مسائل حل کرنا ممکن نہیں رہا۔

WhatsApp
Get Alert