پاکستان کا سب سے لاڈلہ بچہ کشمیر ہے، ترجمان پاک فوج


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہا کہ پاکستان کا سب سے لاڈلہ بچہ کشمیر ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا ہے اور رہے گا، ہمارے بچے بڑے ہوں گے تو ان کی ایک ہی آواز رہے گی کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر ہمارا ہے اور ہمارا رہے گا۔ راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے اور کشمیر بھی ہمارا ہے اور دوسری جانب آپ تقاریر میں پاکستان کو قابض فوج کہہ رہے ہیں، یہ بتائیں اسی فوج میں ایک لاکھ تو کشمیری شامل ہیں، کتنے پاکستانی مجاہدین اور پاکستانی فوجی افسران نے کشمیر میں جاکر شہادت دی ہے آپ انہیں قابض فوج کہہ رہے ہیں، فوج کا اس معاملے سے کوئی تعلق بھی نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قومی سلامتی، گڈ گورننس اور عوامی فلاح ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے بدلتے ہوئے حالات کے مطابق انتظامی ڈھانچے اور حکمرانی کے نظام پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی کے لیے گڈ گورننس انتہائی اہم ہے اور اچھی حکمرانی کے بغیر مسائل کا مؤثر حل ممکن نہیں، 1972 میں پاکستان کی آبادی سات سے آٹھ کروڑ تھی جب کہ آج یہ تقریباً 25 کروڑ ہو چکی ہے، اس لیے عوامی ضروریات بھی تبدیل ہو چکی ہیں۔ لیفٹینٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ اگر بہتر حکمرانی کے لیے انتظامی ری سیٹ کی ضرورت ہے تو اس پر غور ہونا چاہیے، تاہم چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام یا دیگر انتظامی فیصلوں کا اختیار عوام کے پاس ہے۔

WhatsApp
Get Alert