موجودہ نظام کی خرابی، کمزوری اور ناکامی کسی سے پوشیدہ نہیں، ملک کا بچہ بچہ اس حقیقت سے آگاہ ہے، فاقی وزیر کا اپنی ہی حکومت اور نظام کے خلاف اس نوعیت کا بیان پوری حکومتی کارکردگی پر ایک چارج شیٹ ہے،مولانا عبدالواسع


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے وفاقی وزیر محسن نقوی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائبرڈ نظام کی ناکامی کا اعتراف اب خود اس کے ذمہ داروں کی زبان سے ہو رہا ہے، لہٰذا محسن نقوی کا بیان دراصل اعترافِ جرم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مولانا فضل الرحمن گزشتہ دو برس سے مسلسل قوم کو متنبہ کرتے آ رہے ہیں کہ ہائبرڈ نظام ملک کو سیاسی، آئینی، معاشی اور انتظامی بحرانوں کی طرف دھکیل رہا ہے، اور آج حکومتی شخصیات کے بیانات نے جمعیت علمائ￿ اسلام کے اس مؤقف کی مکمل تائید کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کی خرابی، کمزوری اور ناکامی کسی سے پوشیدہ نہیں، ملک کا بچہ بچہ اس حقیقت سے آگاہ ہے، جبکہ وفاقی وزیر کا اپنی ہی حکومت اور نظام کے خلاف اس نوعیت کا بیان پوری حکومتی کارکردگی پر ایک چارج شیٹ اور اہلِ اقتدار کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ قوم یہ جاننا چاہتی ہے کہ اس ہائبرڈ نظام کے خالق کون ہیں اور اس کی ناکامی کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے، حقیقت یہ ہے کہ اس غیر فطری نظام کو تشکیل دینے والے اور اس کا حصہ بننے والے دونوں ملک کو موجودہ بحرانوں تک پہنچانے کے برابر کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ نظام نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں، نظامِ عدل پر اثراندازی، عوامی مینڈیٹ کی پامالی، دھاندلی زدہ انتخابات، اسمبلیوں میں خرید و فروخت، آئینِ پاکستان میں غیر آئینی ترامیم اور شعائرِ اسلام کی توہین اسی نظام کے سیاہ کارنامے ہیں، جبکہ آئین سے ماورا ہر قدم ملک اور ریاستی نظام کو مزید تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائ￿ اسلام نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے آواز بلند کی ہے، مگر اسی اصولی مؤقف کی پاداش میں جمعیت علمائ￿ اسلام اور اس کی قیادت کے خلاف مسلسل جھوٹ پر مبنی منظم پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، تاہم ایسے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں اور جمعیت علمائ￿ اسلام ہر قیمت پر آئین کے تحفظ، حقیقی جمہوریت کے فروغ اور عوام کے آزاد و شفاف مینڈیٹ کے دفاع کی جدوجہد جاری رکھے گی، کیونکہ پاکستان کی بقا، استحکام اور خوشحالی کا واحد راستہ آئین کی بالادستی، جمہوری نظام کی مضبوطی اور تمام ریاستی اداروں کی اپنی آئینی حدود میں رہ کر ذمہ داریاں ادا کرنے میں مضمر ہے۔

WhatsApp
Get Alert