یہ تاثر غلط ہے کہ IMF کو اسٹیٹ بینک کا مالک بنایا جارہا ہے، گورنراسٹیٹ بینک

(قدرت روزنامہ)گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کا کہنا ہے کہ اب مسودہ سب کے سامنے آچکا ہے جس میں تمام اختیارات حکومت کے پاس ہیں، یہ تاثر دینا غلط ہے کہ آئی ایم ایف کو اسٹیٹ بینک کا مالک بنایا جارہا ہے۔

قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ پہلے یہ جعلی خبریں چلائی گئیں کہ حکومت نے اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کو بیچ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پہلے آئی ایم ایف کیلئے کام کرتا تھا، کیا کسی عالمی ادارے میں کام کرنا جرم ہے؟ ہماری تاریخ میں کئی گورنراسٹیٹ بینک آئی ایم ایف سمیت دیگر عالمی اداروں میں کام کرتے رہے ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ میری کوئی دوسری نیشنلٹی نہیں ہے، میں پاکستانی ہوں، میرے پاس کسی دوسرے ملک کی مستقل رہائش بھی نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر ان معاملات کو لے کر جعلی خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔