پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر قتل کیس میں اہم پیشرفت، تفتیش سی سی ڈی کے سپرد کردی گئی
ڈی ایس پی سی سی ڈی حسنین حیدر اور ان کی ٹیم اس مقدمے کی باقاعدہ تفتیش کرے گی، اس سے قبل اس کیس کی تفتیش تھانہ غالب مارکیٹ کی انویسٹی گیشن پولیس کر رہی تھی

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما چوہدری عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں مقدمے کی تفتیش سی سی ڈی کے سپرد کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ قتل میں ملوث شوٹرز کے سامنے آنے کے بعد مقدمہ سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کے حوالے کر دیا گیا ہے، اب ڈی ایس پی سی سی ڈی حسنین حیدر اور ان کی ٹیم اس مقدمے کی باقاعدہ تفتیش کرے گی، اس سے قبل اس کیس کی تفتیش تھانہ غالب مارکیٹ کی انویسٹی گیشن پولیس کر رہی تھی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی شوٹر ارسلان جٹ اپنی گاڑی کے ذریعے شوٹرز کو گوجرانوالہ سے لاہور لے کر آیا تھا، جہاں منصوبہ بندی کے تحت واردات کو انجام دیا گیا، عبداللہ طاہر کو قتل کروانے والا نامزد ملزم کوگی بٹ پہلے ہی بیرون ملک فرار ہو چکا ہے، جس کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ پولیس نے مفرور ملزم کوگی بٹ کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کروانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اسے گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے، اس کے علاوہ تفتیشی ٹیم مقدمے کے تمام پہلوؤں کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے، جب کہ ملزمان کی گرفتاری اور شواہد کی تکمیل کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
علاوہ ازیں واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور موٹرسائیکل بھی پولیس نے تحویل میں لے لی ہیں، مرکزی ٹارگٹ کلر ارسلان نے ایک سہولت کار کی مدد سے گوجرانوالہ سے ایک گاڑی کرائے پر حاصل کی اور دو شوٹرز کو اسی گاڑی میں سوار کرکے لاہور پہنچا، ایک اور سہولت کار موٹرسائیکل پر لاہور آیا، جہاں شوٹرز کو گلبرگ کے علاقے میں موٹرسائیکل فراہم کی گئی، جسے مبینہ طور پر واردات کے دوران استعمال کیا گیا، واردات کے بعد مرکزی شوٹر ارسلان دونوں شوٹرز کو ساتھ لے کر کرائے کی گاڑی میں فرار ہوگیا تھا۔
