پاکستان میں الجزیرہ کی نیوز ویب سائٹ کی رسائی بند ‘صارفین وی این اے استعمال کرنے پر مجبور
الجزیرہ کی رسائی آزادکشمیر میں احتجاج، انٹرنیٹ بندش اور سیاسی صورتِ حال سے متعلق حالیہ کوریج کے بعد محدود کی گئی. عالمی ذرائع ابلاغ کا دعوی

لاہور(قدرت روزنامہ)قطر کے معروف نیوز نیٹ ورک ”الجزیرہ“ کی ویب سائٹ پیر کی صبح سے پاکستان کے مختلف انٹرنیٹ نیٹ ورکس پروی پی این کے بغیر نہیں کھل رہی، جس سے ملک میں ویب سائٹ کی مبینہ بلاکنگ یا فلٹرنگ کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں. صارفین کے مطابق الجزیرہ کی ویب سائٹ عام براڈ بینڈ اور موبائل انٹرنیٹ کنکشن پر لوڈ نہیں ہورہی تاہم وی پی این استعمال کرنے کے بعد ویب سائٹ تک فوری رسائی حاصل ہوجاتی ہے یہ صورتِ حال اس امکان کو تقویت دیتی ہے کہ ویب سائٹ کو پاکستان کے اندر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں یا مرکزی فلٹرنگ نظام کے ذریعے محدود کیا گیا ہے.
الجزیرہ کی ویب سائٹ عالمی سطح پر فعال ہے اور بیرونِ ملک سے معمول کے مطابق کھل رہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسئلہ ویب سائٹ کے سرور یا کسی عالمی تکنیکی خرابی کا نہیں بلکہ ممکنہ طور پر پاکستان کے اندر رسائی کا ہے بعض غیر ملکی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ الجزیرہ کی رسائی آزادکشمیر میں احتجاج، انٹرنیٹ بندش اور سیاسی صورتِ حال سے متعلق حالیہ کوریج کے بعد محدود کی گئی تاہم پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی، پیمرا، وزارتِ اطلاعات یا حکومتِ پاکستان نے تاحال الجزیرہ کی ویب سائٹ بلاک کرنے کا کوئی باضابطہ حکم یا وضاحتی بیان جاری نہیں کیا.
رپورٹ میں کہا گیا ہے الجزیرہ پر پابندی کے اثرات پاکستان اور قطر کے باہمی تعلقات پر مرتب ہوسکتے ہیں کیونکہ الجزیرہ نیوزشاہی خاندان اور ریاست قطر کے تحت چلایا جاتا ہے‘ایل این جی‘مالی امداد حاصل کرنے کے علاوہ لاکھوں مزور قطرمیں موجود ہیں ‘رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بڑے عالمی نیوزنیٹ ورک پر پابندی اسلام آباد کی عالمی سطح پر مشکلات میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے
