کراچی میں نو جوان تاجر میر رضا قتل کیس میں پیشرفت ، رضا کی موت سے قبل کی ایک اور سی سی ٹی وی مل گئی


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں نو جوان تاجر میر رضا قتل کیس میں پیش رفت ہوئی ہے ، میر رضا کی موت سے قبل کی ایک اور سی سی ٹی وی مل گئی ہے۔
ویڈیومیں میر رضا کو جیب سے موبائل فون نکال کر پھینکتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ تحقیقاتی ٹیم نئی فوٹیجز کا فرانزک اور تکنیکی جائزہ لے رہی ہے۔
ابتدائی میڈيکل رپورٹ کے مطابق میررضا کو گولی سینے پر لگی، اب تک اسلحہ اورگولی کا خول نہیں ملا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق میر رضا مختلف لوگوں کا قرض دار بھی تھا،اُن لوگوں کی فہرست بھی مرتب کی جارہی ہے جن سے مبینہ طور پر قرض لیا گیا تھا۔پولیس نے 12 افراد شامل تفتیش اور 15 کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں۔
اس سے قبل بھی تفتیشی حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی تھیں جن میں 28 جولائی کی درمیانی شب میر رضا علی کو شب ساڑھے 3 بجے بہادرآباد چورنگی پر واقع اپنی شاپ سے سکیورٹی گارڈ کا اسلحہ لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
میر رضا اپنے گھر پہنچا جہاں اس نے اپنی گاڑی، اسمارٹ واچ ، گھرکی چابیاں اور 39ہزار روپے گھر پر چھوڑے اور آن لائن ٹیکسی بک کرنے بعد 4 بج کر 8منٹ پرگھر سےگلستان جوہر روانہ ہوا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سکیورٹی گارڈ کا پستول شاپ میں ایک دراز میں موجود تھا جسے میر رضا نے نکالا اوراپنے ہمراہ لے گیا، میر رضا شاپ سے اپنی گاڑی میں گھرکی جانب روانہ ہوا، میررضا اکیلے گلستان جوہر پہنچا اورسی سی ٹی وی میں اسے گلستان جوہر میں اکیلے سڑک سے گزرتے بھی دیکھا گیا۔
میررضا نے 4 بج کے 22 منٹ کے قریب جوہر موڑ ہل ٹاپ کے قریب اپنا موبائل فون بھی بند کرلیا اور 4 بج کر28 منٹ وہ گلستان جوہر بلاک 2 میں ڈراپ ہوا۔
میر رضا علی کو قتل کیا گیا یا اس نے خود کشی کی ہے اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert