اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا سانحہ مری پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اورقائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف نے سانحہ مری پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا ہے، سانحہ مری حکومت کی نااہلی اور بدانتظامی کے باعث پیش آیا، سرکاری ملازمین کی انکوائری کمیٹی مذاق ہے، آپ سے کام نہیں ہورہا تو استعفا دیں اور گھر جائیں۔انہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مری میں دلخراش واقعہ رونما ہوا، مری میں ہزاروں لوگ اپنی گاڑیوں میں پھنسے رہے، مری میں پھنسے ہوئے لوگوں کا کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، لوگ مرتے رہے لیکن20 گھنٹے تک کسی نے نہیں پوچھا، سانحہ مری انتظامی ناکامی اورمجرمانہ غفلت ہے، محکمہ موسمیات کے الرٹ کے باوجود انتظامات کیوں نہیں کیے گئے؟ اگر رش بےپناہ تھا تو سیاحوں کو جانے سے روکنے کیلئے کیا انتظامات کیے گئے، ہم یہاں خودنمائی کیلئے نہیں بلکہ اس سانحہ پر بات کرنے آئے ہیں، مری میں برف پہلی بار تو نہیں پڑی، کورونا کی وجہ سے 2 سال تک لوگ مری نہ جا سکے، اب انہوں نے رخ کیا، ایک وزیر محترم نے کہا کیا شاندار سیاحت چل رہی ہے، لاکھوں گاڑیاں مری جارہی ہیں۔

سانحہ مری حکومت کی نااہلی اور بدانتظامی کے باعث پیش آیا، جب سانحہ مری ہوا تو ایک نیرو اسلام آباد میں سویا ہوا تھا، دوسرا نیرو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی دھاندلی کی منصوبہ بندی کررہا تھا،لوگ مررہے تھے اور حکمران ٹویٹ کررہے تھے، ہمارے زمانے میں ایسے موقعوں پرایڈوانس میٹنگز ہوتی تھیں، موجودہ حکومت نےایسا کچھ نہیں کیا، یہ لوگ غفلت کی نیند سو رہے تھے، 20 گھنٹے تک کسی کوکچھ علم نہیں تھا کہ کیا ہوا۔
کہتے تھے کہ لمبے شوز پہن کرشوبازی کرتا ہے آج آئینے نے ان کو چہرہ دکھا دیا ہے، کہتے تھے نتھیا گلی میں بیٹھ کر ڈینگی برادران کا خطاب دیتے تھے،ان کی کہی ہوئی سب باتیں ان کے سامنے آرہی ہیں، 23 لوگوں کا قتل حکومت وقت کے سر ہے، عمران خان استعفیٰ دے کر گھر جائیں ورنہ قوم آپ کو گھسیٹ کر باہرکردے گی۔ انہوں نے کہا کہ کہا گیا انتظامیہ تیار نہیں تھی، آپ کس مرض کی دوا ہیں، آپ سے کام نہیں ہورہا تو استعفا دیں اور گھر جائیں، سانحہ مری پر سرکاری ملازمین کی کمیٹی بنانا مذاق ہے،سانحہ مری نااہلی کا فعل تھا جس کی معافی نہیں، سانحہ مری پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، جوڈیشل کمیشن بناکرذمہ داران کو سامنے لائیں۔