یو اے ای ؛ 10 ماہ کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد یومیہ کورونا کیسز میں کمی ہوگئی
ابو ظہبی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات میں 10 ماہ کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد آج یومیہ کورونا کیسز میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت اور روک تھام نے پیر کو ملک میں کورونا وائرس کے 2,562 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے ، 2 لاکھ 97 ہزار 077 اضافی ٹیسٹوں کے ذریعے نئے کیسز کا پتہ چلا ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امارات میں 860 کورونا مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور کوئی موت نہیں ہوئی ہے تاہم اس وقت یو اے ای میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 32 ہزار 120 ہے۔
بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 10 جنوری تک کورونا کیسز کی کل تعداد 7 لاکھ 88 ہزار 187 ہے جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 7لاکھ 53 ہزار 893 ہے اور اب تک عالمی وباء سے یو اے ای میں 2,174 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
اس صورتحال میں متحدہ عرب امارات میں ڈاکٹروں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ انفلوئنزا اور کوویڈ 19 دونوں کے لیے ٹیسٹ کروائیں اگر انہیں 39 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ بخار ہو ، سردی لگ رہی ہو ، گلے میں خراش ہو، ناک بہہ رہا ہو یا ناک بند ہو اور جسم میں شدید درد ہو ، کیوں کہ ایسے مریضوں کو ‘ فلورونا’ ہو سکتا ہے کیوں کہ جب کمیونٹیز میں اس طرح کے پیتھوجینز کی مضبوط منتقلی ہوتی ہے تو کووڈ 19 اور فلو جیسے شریک انفیکشن کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔
ادھر کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاط کے ایک حصے کے طور پر پیر کو دبئی میں ایپل کے دو اسٹورز نے عارضی طور پر اپنے دروازے بند کر دیے ہیں ، آئی فون بنانے والی کمپنی نے کہا کہ اس کے دبئی اسٹورز جمعرات 13 جنوری تک بند ہیں جب کہ دبئی کی فلیگ شپ کیریئر ایمریٹس ایئرلائن نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے مسافروں کی حفاظت کے لیے اپنے A380 طیارے میں سوار مسافروں کے لیے آن بورڈ لاؤنجز اور سماجی علاقوں کو بند کر دیا ہے۔