ہم 25 سال سے ختم ہیں، اب کسی نے محسن نقوی کو بتایا تو انہوں نے حقیقت بتائی، وسیم اختر

دونوں جماعتیں فیل ہیں، کرپٹ ترین ہیں، اس ملک کو نقصان پہنچانے میں دونوں کا بہت بڑا ہاتھ ہے، چالیس سال سے یہ نظام دیکھ رہا ہوں؛ سابق میئر کراچی کی تقریب میں گفتگو


کراچی(قدرت روزنامہ) سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ دونوں ناکام اور کرپٹ جماعتیں ہیں، ملک کے موجودہ نظام کے تباہ ہونے کا ذکر ہم گزشتہ 25 برس سے کرتے آ رہے ہیں، نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے۔ ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور موجودہ نظام کے انہدام میں دونوں جماعتوں کا بڑا کردار ہے، محسن نقوی نے جس نظام کے کولیپس ہونے کی بات کی ہے، وہ حقیقت تو پچیس سال پہلے سامنے آ چکی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ جب عمران خان وزیراعظم تھے تو ایک ملاقات میں انہوں نے بتایا کہ وہ بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں اور ارادہ رکھتے ہیں کہ ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کو ملنے والے ترقیاتی فنڈز مقامی حکومتوں کو منتقل کیے جائیں، تاہم وہ اس منصوبے پر عملدرآمد نہ کرسکے، بلدیاتی نظام کے معاملے پر ان کی جماعت ہمیشہ حمایت کرتی رہی، مگر ہر بار صرف وعدے اور یقین دہانیاں ملتی رہیں، عمران خان سے بھی اس حوالے سے کئی مرتبہ بات ہوئی، لیکن ان کے دور میں بھی مضبوط بلدیاتی نظام قائم نہ ہو سکا۔
سابق میئر کراچی نے کہا کہ وہ چار سال تک مسلسل اس نظام کی اصلاح کے لیے آواز اٹھاتے رہے، مگر کوئی مؤثر پیش رفت نہیں ہوئی، گزشتہ چالیس برس سے وہ یہی نظام دیکھ رہے ہیں، جس نے خصوصاً سندھ اور کراچی کو شدید نقصان پہنچایا ہے، کراچی کے عوام کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے اور سمجھ نہیں آتی کہ انہیں کس بات کی سزا دی جا رہی ہے، موجودہ نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور ملک میں بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے

WhatsApp
Get Alert