خضدار، دو سال بعد اسما جتک کی میڈیا کے سامنے آمد، حکومت اور اداروں سے انصاف اور تحفظ کی اپیل
اغوا، زبردستی ویڈیوز کی عکاسی اور خاندان کو دھمکیوں کی شفاف تحقیقات کی جائے،اسما جتک

خضدار (قدرت روزنامہ)دو سال کے طویل عرصے کے بعد اسما جتک نے ایک بار پھر میڈیا کے سامنے آ کر حکومتِ پاکستان، حکومتِ بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔اپنے بیان میں اسما جتک نے کہا کہ 5 فروری 2024 کو انہیں خضدار سے اغوا کیا گیا تھا، اور اس واقعے میں ظہور جمالزئی ملوث تھے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین معاملے کی غیر جانبدار، شفاف اور فوری تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق عوام کے سامنے آئیں اور ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ اغوا کے دوران ان سے زبردستی ویڈیوز ریکارڈ کروائی گئیں جنہیں اب سوشل میڈیا پر وائرل کر کے ان کی عزت، وقار اور ذہنی سکون کو شدید نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے خاندان کو بھی مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور بے بنیاد الزامات کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اسما جتک نے حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری طور پر قانونی تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نواب ثنا اللہ خان زہری اور نعمت اللہ خان زہری سے بھی خصوصی اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور انہیں انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔
