تعلیم بلوچ قوم کا مستقبل ہے، ثناء اللہ بلوچ

خضدار(قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء رکن بلوچستان اسمبلی ثناء اللہ بلوچ نے کہا کہ تعلیم بلوچ قوم کا مستقبل ہے تعلیم ہی کے ذریعے بلوچستان سے تعلیمی انحطاط اور پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے حکومتی سپورٹ کے بغیر ذاتی حیثیت سے تعلیمی خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف کرنا اور اس عظیم خدمت کو سرانجام دینا بلوچ قوم پر احسان عظیم ہے ایسے قوم دوست افراد کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ جنہوں بڑی تعداد میں بچے اور بچیوں کو تعلیم سے روشناس کرکے انہیں اگلے مرحلے کے لئے تیار کیا۔ ان خیالات اظہار انہوں نے چشمہ تحصیل زہری میں پرائیویٹ تعلیمی ادارہ ماڈل پبلک اسکول کے کے دورے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا قبائلی شخصیت میر حاجی محمد یونس محمد شہی، عبدالقدیر کرد خضدار پریس کلب کے صدر منیر نور گرگناڑی خضدار پریس کلب کے سابق صدر عبداللہ شاہوانی، کاروباری شخصیت حبیب اللہ شاہوانی، شعیب کرد وڈیرہ زادہ منیراحمد موسیانی وڈیرہ زادہ محمد یونس موسیانی وڈیرہ نورمحمد موسیانی میر غلام قادر موسیانی اس موقع پر تعلیمی ادارے بانی کے بی زہری و دیگر موجود تھے جنہوں نے رکن بلوچستان اسمبلی کو تعلیمی ادارے سے متعلق بریفنگ دی تعلیمی ادارے کی تاریخ کارکردگی اور اساتذہ کی خدمات سے آگاہ کیا۔ رکن بلوچستان اسمبلی ثناء بلوچ نے ان خدمات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے علاقے میں ایک فرد کی جانب سے تعلیمی خدمات پیش کرنا باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ایسے افراد تاریخ میں ہمیشہ زندہ و جاوداں رہتے ہیں جو اپنی ذات کی بجائے قوم کے افراد کے لئے سوچتے ہیں اور ان کے مستقبل کو بنانے پر اپنی توانائیاں صرف کرتے ہیں۔نسل نو کو تعلیم سے روشناس کرانا ہی اصل ترقی کا راستہ ہے۔ ایسے خدمت سے سرشار افراد کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ چاہیے تو یہی کہ حکومت کارکردگی دکھانے والے نامور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی سرپرستی بھی کرے ان کی تعمیر وترقی جو بغیر کسی مفاد کے صرف تعلیم ہی کو اپنی منزل اور اپنا نقطع نظر بنا رکھا ہے۔ انہوں نے تعلیمی ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایا۔