میں نے آج اپنے علاقے کے دو ٹرانسفارمر پیسے دے کر ٹھیک کروائے

بجلی گیس کے میٹر بغیر پیسے کے نہیں لگوا سکتے، اپنی زمین کی فرد حاصل کرنے کیلئے بھی رشوت دینا پڑی، یہاں پورا آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے، رہنما پیپلزپارٹی ندیم افضل چن


لاہور(قدرت روزنامہ)رہنما پیپلزپارٹی ندیم افضل چن نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے آج اپنے علاقے کے دو ٹرانسفارمر ٹھیک کروائے دونوں پیسے دے کر ٹھیک کروائے، اپنی زمین کی فرد حاصل کرنے کیلئے بھی رشوت دینا پڑی۔ بجلی گیس کے میٹر بغیر پیسے کے نہیں لگوا سکتے، ٹرانسفارمر پیسے دیئے بغیر ٹھیک نہیں ہوتا، حالانکہ یہ سرکار کا کام ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں صحافی اجمل جامی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یقین مانیں، زرعی انتقال کرایا والد کے نام پر، میں نے ابھی بھی رشوت دے کر کرایا ہے۔ دس فیصد لوگ بینیفشری ہیں، 80فیصد لوگوں کو ملک کیا دے رہا ہے؟


امن ، تعلیم وصحت نہیں دے رہا، یہ تینوں کام ریاست کے ہیں۔
بڑے بڑے محکموں میں کیا ہورہا ہے؟ یہاں پورا آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے، ہم کہتے ہیں سسٹم کو سیاستدانوں نے ٹھیک کرنا ہے لیکن سیاسی لوگوں کے پلے کیا ہے؟ اختیارات کتنے ہیں؟ محسن نقوی کے ساتھ جن لوگوں نے تقاریر کیں، ان کے پاس پہلے کیا تھا آج کیا ہے؟ پھر نظام بدلنے کی باتیں کرتے ہیں؟
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ محسن نقوی کے بیان سے متفق ہوں کہ سسٹم بیٹھ گیا ہے اور نئے نظام کی ضرورت ہے، نئے صوبے بنائیں، لوکل گورنمنٹ سسٹم لائیں اور ڈویژنز کو صوبہ بنا دیا جائے، ان تینوں باتوں کا سب سے بہترین حل عمران خان کے پاس ہے اور وہ جیل میں ہیں۔
’’گورننس لیکن نظام کیا ‘‘کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 47 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، 40 فیصد بچوں کی غذائی ضرورت پوری نہیں ہو رہی، نئے صوبوں کے قیام پر محسن نقوی سے کسی سطح پر اختلاف ہو سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert