عمران خان کو جیل میں 3 سال مکمل، بانی پی ٹی آئی کو دستیاب سہولیات سے متعلق اہم رپورٹ سامنے آگئی

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے اور ان سے امتیازی یا غیر مساوی سلوک برتنے کی تردید کردی


لاہور (قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں 3 سال مکمل ہوگئے جب کہ اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی اہم رپورٹ سامنے آگئی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھنے، ان سے امتیازی یا غیر مساوی سلوک کی تردید کردی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ جیلوں میں قید تنہائی کا نظام تقریباً ختم ہو چکا اب یہ رائج نہیں نا ہی عدالتیں طویل عرصے سے ایسی سزا دے رہی ہیں، اڈیالہ جیل میں کوئی بھی قیدی بشمول بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں نہیں رکھا گیا، بانی پی ٹی آئی کو سزا ہو چکی وہ قانون کے مطابق قید کاٹ رہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے ساتھ دوسرے قیدیوں کی طرح ہی قانونی سلوک کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی امتیازی یا غیر مساوی برتاؤ نہیں کیا جا رہا، البتہ ان کے بہتر کلاس قیدی ہونے کی وجہ سے کچھ اضافی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، سابق وزیر اعظم اور سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے ان کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسی لیے عام قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی کے رہائشی حصے تک رسائی نہیں دی جاتی، بانی قید تنہائی نہیں انکو جو سہولیات حاصل ہیں ان سے بھی ظاہر ہوتا ہے یہ قیدی تنہائی نہیں، بانی پی ٹی 7 سیل پر مشتمل کمپاؤنڈ میں دن بھر آزادانہ چل پھر سکتے ہیں، صرف رات کے مخصوص اوقات میں بانی پی ٹی آئی اپنے سیل میں رہتے ہیں، جیل افسران اور عملہ بانی کی ضروریات کے حوالے سے وقتاً فوقتاً ان سے رابطے میں رہتا ہے مجھے بھی آگاہ کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل معمول کے مطابق بانی سے ملاقات کرتا ہے ضرورت پڑنے پر خصوصی ملاقات بھی کرتا ہے، جیل کے ڈاکٹر روزانہ تین مرتبہ ان کا معائنہ کرتے ہیں کھانے کی جانچ کرتے ہیں، بانی کا بلڈ پریشر ، دل کی دھڑکن اور آکسیجن سیچوریشن سمیت دیگر طبی علامات چیک کرتے ہیں اور ان کو بتایا بھی جاتا ہے، ضرورت پڑنے پر بانی کا اضافی طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔
اس میں کہا گیا کہ بانی کے لیے ایک کل وقتی سزا یافتہ قیدی مقرر ہے جو بانی کے منتخب کردہ مینو کے مطابق روزانہ تین وقت کا کھانا تیار کرتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو قدرتی روشنی ، تازہ ہوا اور طلوعِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک ورزش کی سہولت حاصل ہے، جیل مینوئل کے مطابق بانی کی رازداری بھی یقینی بنائی گئی ہے۔
حکام نے کہا کہ بانی صبح لاک اَپ کھلنے سے شام لاک اَپ ہونے تک آزادانہ نقل و حرکت کر سکتے ہیں دن بھر اپنی پسند کے مطابق سرگرمی کر سکتے ہیں، بانی کی قید کی جگہ محفوظ اور مکمل نگرانی میں ہے جہاں جیل عملہ مناسب تعداد میں موجود ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ میں اور جیل کے دیگر افسران بانی کے قید کی جگہ کے حفاظتی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہتے ہیں، جیل قواعد کے مطابق بانی کو ہر منگل اپنی اہلیہ بشریٰ عمران سے ملاقات کی اجازت ہے، بانی پی ٹی آئی کو باقاعدگی سے اپنی پسند کے اخبارات اور کتابیں فراہم کی جاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فرینڈ آف کورٹ کے طور پر سلمان صفدر نے 10 فروری 2026 کو بانی کے سیل کا معائنہ بھی کیا تھا، انہوں نے بانی کی رہائشی اور قیدی حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیا تھا رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی۔
اس میں کہا گیا کہ بانی کی حراست اور رہائشی حالات مناسب اور اطمینان بخش ہیں، اور ان میں قید تنہائی کا معمولی سا بھی عنصر موجود نہیں، درخواست گزار علیمہ خانم کے الزامات محض قیاس آرائی اور بے بنیاد ہیں لہٰذا استدعا ہے درخواست کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا جائے۔
جسٹس خادم حسین سومرو کل قید تنہائی سے متعلق درخواست پر سماعت کرینگے، جیل سپریڈنٹ نے کیس میں اپنا جواب جمع کروادیا۔

WhatsApp
Get Alert