سعودی عرب ؛ یومیہ کورونا کیسز میں انتہائی خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا
ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں یومیہ کورونا کیسز میں انتہائی خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں پیر کے روز کورونا وباء کے نئے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ، جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4,778 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ ہی ہفتوں کے اندر میں پہلی بار مملکت میں کورونا کیسز 4000 سے تجاوز کرگئے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے 2 افراد کی موت ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے بیان کے مطابق اس وقت مملکت میں تصدیق شدہ مریضوں کی کل تعداد 5 لاکھ 83 ہزار 531 اور وائرس سے ہونے والی اموات 8,895 ہوگئی ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کل 893 افراد صحت یاب ہوئے ، جس سے مہلک وائرس سے پاک ہونے والوں کی کل تعداد 5 لاکھ 47 ہزار 507 ہوگئی تاہم اس وقت بھی مملکت میں وباء کے فعال کیسز میں سے 154 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر سعودی عرب میں نئی پابندیاں لگادی گئیں ، کورونا وائرس کے خلاف سماجی دوری کے اقدامات کو برقرار رکھنے میں ناکامی کی صورت میں ریستورانوں میں کھانا پیش کرنے پر پابندی عائد کر دی جائے گی ، وزارت بلدیات اور دیہی امور اور ہاؤسنگ نے ایک بیان میں کہا کہ پبلک ہیلتھ اتھارٹی (ویقایا) کی جانب سے ریستورانوں اور کیفوں کے لیے تازہ ترین ہیلتھ پروٹوکول جاری کیے گئے ہیں ، نئے پروٹوکول کے تحت ایک ہی میز پر کھانا کھانے والوں کی تعداد کی حد ختم کر دی گئی ہے تاہم دو میزوں کے درمیان فاصلے کو کم از کم تین میٹر کردیا گیا ہے اپ ڈیٹ کردہ پروٹوکول کے مطابق ریستوران اور کھانے پینے کی جگہوں میں داخلہ صرف ان لوگوں تک محدود ہے جنہوں نے توکلنا درخواست پر مدافعتی حیثیت کے ساتھ اپنا ویکسی نیشن شیڈول مکمل کر لیا ہے ، وہ گروہ جنہیں طبی بنیادوں پر ویکسین لینے سے خارج کر دیا گیا ہے انہیں اس شرط سے مستثنیٰ کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح مملکت میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے مسجد نبوی میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت مردوں تک محدود کردی ، خواتین کو روضہ رسول کی زیارت کے لئے ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا ، سعودیہ کی وزارت حج وعمرہ کا حوالہ دیتے ہوئے روزنامہ عکاظ نے بتایا کہ خواتین روضہ شریفہ میں نماز کا اجازت نامہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے حاصل کر سکتی ہیں ، اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد انہیں روضہ شریفہ کی زیارت اور وہاں نماز کی ادائیگی کی اجازت ہوگی ، تاہم روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر صلاۃ و سلام کیلئے حاضری اور روضہ شریفہ میں نماز کا اجازت نامہ ایک ماہ میں صرف ایک بار ہی حاصل کیا جا سکتا ہے اگلا اجازت نامہ 30 روز بعد جاری ہوگا۔