پی آئی اے کے ممکنہ سی ای او ائیرانڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر
ایتھوپین ائیرلائنز گروپ کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیولڈے گیبریماریم یکم اکتوبر سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے

نئی دہلی(قدرت روزنامہ)بھارت کی قومی فضائی کمپنی ائیر انڈیا نے ایتھوپین ائیرلائنز گروپ کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیولڈے گیبریماریم کو اپنا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کرنے کا اعلان کر دیا، انہیں نجکاری کے بعد پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹو بننے کے لیے بھی موزوں امیدوار سمجھا جا رہا تھا، اطلاعات ہیں کہ پی آئی اے کی نئی انتظامیہ نے انہیں سی ای او کے عہدے کے لیے شارٹ لسٹ کیا ہوا تھا۔
اطلاعات کے مطابق ٹیولڈے گیبریماریم ایک دہائی سے زائد عرصے تک ایتھوپین ائیرلائنز گروپ کی قیادت کرتے رہے، جہاں ان کی سربراہی میں ادارے نے غیر معمولی ترقی کرتے ہوئے افریقہ کے سب سے بڑے ایئرلائن گروپ کا درجہ حاصل کیا، ان کے دور میں ایتھوپین ائیرلائنز نے اپنے عالمی روٹس میں نمایاں توسیع کی، جدید فضائی بیڑے میں اضافہ کیا اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی مضبوط پوزیشن قائم رکھی۔
بتایا گیا ہے کہ انہوں نے 2019ء میں بوئنگ 737 میکس طیاروں کے حادثات اور بعد ازاں کورونا وبا جیسے سنگین عالمی چیلنجز کے دوران بھی ایتھوپین ائیرلائنز کی کامیاب انداز میں قیادت کی، جس کے باعث انہیں عالمی فضائی صنعت کے تجربہ کار اور مؤثر منتظمین میں شمار کیا جاتا ہے، ٹیولڈے گیبریماریم یکم اکتوبر 2026ء سے ایئر انڈیا میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جہاں وہ موجودہ سی ای او کیمبل ولسن کی جگہ لیں گے، جو 30 ستمبر 2026ء کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
ائیر انڈیا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹیولڈے گیبریماریم کی تقرری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ٹاٹا گروپ کی ملکیت میں آنے کے بعد کمپنی اپنی تنظیمِ نو، فضائی بیڑے کی جدید کاری اور عالمی سطح پر مسابقت بڑھانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے، کمپنی کو امید ہے ان کی قیادت میں ائیر انڈیا اپنی بحالی اور ترقی کے سفر کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکے گی۔ واضح رہے کہ کیمبل ولسن کو 2022ء میں ٹاٹا گروپ نے ائیر انڈیا کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مقرر کیا تھا، ان کے دور میں کمپنی نے بڑے پیمانے پر نئے طیاروں کے آرڈرز، سروس میں بہتری اور بین الاقوامی آپریشنز کی توسیع سمیت کئی اہم اقدامات کیے۔
