بلوچستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کے دوران 12 دہشتگرد ہلاک، آ ئی ایس پی آر


راولپنڈی (قدرت روزنامہ) سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کے دوران 12 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے واشک اور مستونگ میں آپریشنز کے دوران 12 خوارجیوں کو ہلاک کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اگست کو بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکورٹی فورسز نے 6 دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، سیکورٹی فورسز کی بر وقت اور موثر کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اگست کو مستونگ میں ایک اور کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، شدید فائرنگ کے نتیجے میں مزید 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، کارروائی کے دوران دہشتگردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اور 6 اگست کو کارروائیاں ‘ردالفتنہ 3’ کے تحت جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے سلسلے کا حصہ تھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ‘عزم استحکام’ کے تحت سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلیے پ±رعزم ہیں، ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

WhatsApp
Get Alert