وزیر داخلہ بلوچستان کا کوئٹہ شہر کا اچانک دورہ ‘ شہر بھر میں تجارتی سرگرمیاں عروج پر اور معاملاتِ زندگی معمول پر ہیں، عوام منفی خبروں پر کان نہ دھریں: ضیاء اللہ لانگو

عوام اور تاجر برادری کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے؛ صوبائی وزیر داخلہ کا کوئٹہ کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ اور سیکورٹی پر اطمینان کا اظہار


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کوئٹہ شہر کا اچانک دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے شہر کے مختلف اہم تجارتی مراکز اور شاہرائوں بشمول لیاقت بازار، قندھاری بازار، پرنس روڈ، زرغون روڈ، سریاب روڈ، بروری روڈ، گاہی چوک اور جوائنٹ روڈ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ بلوچستان نے دکانداروں اور عام شہریوں سے براہ راست ملاقاتیں کیں اور شہر میں کیے گئے سیکورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ شہر بھر میں تجارتی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں اور تمام معاملاتِ زندگی معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں ٹریفک مکمل طور پر رواں دواں ہے اور کوئی بھی سڑک بند نہیں ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے عوام اور تاجر برادری کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور منفی خبروں پر ہرگز کان نہ دھریں اور پرامن ماحول میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

WhatsApp
Get Alert