بچوں کی محبت میں اندھے نہ ہوں اور ان پر نظر ضرور رکھیں شاہد آفریدی نے والدین کے نام اہم پیغام جاری کردیا

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بچوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کی محبت میں اندھے نہ ہوں اور ان پر نظر ضرور رکھیں۔شاہد خان آفریدی نے اپنے بیان میں بچوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی محبت میں اندھے نہ ہوں اور ان پر نظر ضرور رکھیں۔اپنے بیان میں سابق کپتان نے بچوں کے سال میں دو مرتبہ ڈوپ ٹیسٹ کروانے پر زور دیتے ہوئے کہا

کہ آج کل بچوں میں منشیات کا استعمال بہت زیادہ تیزی سے پھیلتا ہوا، نظر آرہا ہے، ہمیں اپنے بچوں پر نظر رکھنی چاہیے اور باہر ہونے والی ان کی سرگرمیاں بھی سب کے علم میں لازمی ہونی چاہیے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نے اپنے یوٹیوب پر شیئر کی گئی ویڈیو میں والدین اور اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو آپ کیلئے ہے کیونکہ اسکول، کالج، یونیورسٹی کے ٹیچرز کا کردار بھی والدین کی طرح ہوتا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر بہت سارے کیسز سننے کو ملے ہیں جس میں بچوں کا منشیات استعمال کرنے کا تذکرہ کیا گیا، جبکہ بہت سے والدین نے پولیس اسٹیشن جا کر اپنے بچوں کے حوالے سے تشویش کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کا استعمال بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے، جو ہم سب کے لیے بہت بڑی پریشانی ہے، ہم اپنی اولاد سے محبت ضرور کرتے ہیں مگر یہ اس قدر نہیں ہونی چاہیے کہ ہم اولاد کی محبت میں اندھے ہوجائیں، اور گھر سے باہر ان کی سرگرمیوں پر نظر نہیں رکھ سکیں۔سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ہر بچے کا سال میں 2 بار ڈوپ ٹیسٹ لازمی ہونا چاہیے تاکہ دیر نہ ہو اور والدین کو پچھتاوے کا سامنا نہ کرنا پڑے