حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جبکہ ڈیزل ایک روپے 50 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے۔ پیٹرول کے نئی قیمت 327 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل کے نرخ 380 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوں گے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 کے بعد ہوگا۔ دوسری جانب آبنائے ہرمز میں رواں ہفتے تجارتی اور تیل بردار جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ عالمی منڈی کی نظریں ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات پر مرکوز ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر سے جمعرات تک صرف 33 بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جبکہ گزشتہ ہفتے اسی مدت کے دوران یہ تعداد 50 جہاز تھی۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اہم سمندری گزرگاہ میں جہازوں کی آمدورفت تقریبا ایک تہائی کم ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل صرف 4 جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جن میں انتہائی بڑا خام تیل بردار جہاز نیسوس کیا بھی شامل تھا۔ اس جہاز پر عراق کے بصرہ آئل ٹرمینل سے تقریبا 20 لاکھ بیرل باسرہ خام تیل لدا ہوا تھا۔ دیگر تین جہازوں میں سے دو مائع پٹرولیم گیس لے کر گزرے، جبکہ ایک چھوٹا مال بردار جہاز تھا۔
عداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے اب تک صرف 6 خام تیل بردار ٹینکر آبنائے ہرمز سے باہر نکلے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 21 بحری جہاز اس آبی گزرگاہ میں داخل ہوئے ہیں۔ ان میں زیادہ تر جہاز ایرانی راستے سے آبنائے میں داخل ہوئے۔شپنگ ذرائع کے مطابق متعدد چینی اور بھارتی ریفائنریوں نے رواں ہفتے ایسے بحری جہاز تلاش کیے جو آبنائے ہرمز میں داخل ہو کر عراق کے بصرہ آئل ٹرمینل سے خام تیل لے سکیں۔

WhatsApp
Get Alert