کراچی میں پشتون کاروباری افراد پر مبینہ پولیس تشدد اور املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت، سندھ حکومت واقعے کا فوری نوٹس لے: انجینئر زمرک خان اچکزئی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کراچی میں پولیس کی جانب سے پشتون کاروباری افراد پر مبینہ تشدد، گرفتاریوں اور ان کی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ کراچی میں اس سے قبل بھی پشتونوں کے ساتھ اس نوعیت کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جن کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ بھرپور آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی پشتونوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پشتون کاروباری افراد پر پولیس تشدد اور ان کی املاک کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ کسی بھی شہری کے ساتھ قانون کے برخلاف سلوک قابل قبول نہیں اور ایسے واقعات سے عوام میں بے چینی پیدا ہوتی ہے۔زمرک اچکزئی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، مبینہ تشدد اور گرفتاریوں کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر پولیس اہلکار ملوث پائے جائیں تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ پشتون ملک کی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، ان کے جان و مال اور کاروبار کا تحفظ ریاست اور متعلقہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی پشتونوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف ہر آئینی و جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert