پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ خطے میں اجتماعی سلامتی اور استحکام کا اہم سنگ میل ہے: معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا تاریخی دفاعی معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اعتماد اور دوستی کی علامت ہونے کے ساتھ ساتھ خطے میں اجتماعی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے اہم سنگ میل ہے۔اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی تعاون اس بات کا واضح اظہار ہے کہ تینوں برادر ممالک اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی امن کے تحفظ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیت، ترکیہ کی جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور سعودی عرب کی معاشی و سفارتی اہمیت تینوں ممالک کو ایک منفرد اور مضبوط شراکت داری فراہم کرتی ہے، جو خطے میں طاقت کے توازن، امن اور استحکام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اس دفاعی معاہدے کو کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے بلکہ یہ تینوں ممالک کے دفاع، خودمختاری اور باہمی سلامتی کے عزم کا مظہر ہے۔ مضبوط دفاع ہی پائیدار امن کی بنیاد بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا دنیا کے لیے واضح پیغام ہے کہ برادر ممالک اپنے مشترکہ مفادات، امن اور سلامتی کے لیے متحد ہیں۔معاون برائے داخلہ بلوچستان نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے لیے ایک قابل فخر سفارتی اور دفاعی پیش رفت ہے۔ ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج، قومی قیادت اور برادر ممالک سعودی عرب و ترکیہ کے ساتھ مضبوط شراکت داری پر فخر ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یہ تعاون خطے میں امن، استحکام، دفاعی تعاون اور باہمی روابط کے ایک نئے دور کی بنیاد بنے گا۔
