آئی جی بلوچستان محمد طاہر کا کوئٹہ کے کئی تھانوں اور پی ٹی سی کا دورہ حساس مقامات پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی آئی جی بلوچستان پولیس

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشنز ضیا الحق مندوخیل کے ہمراہ کوئٹہ کے مختلف اہم پولیس مراکز، تھانوں اور حساس مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران آئی جی بلوچستان نے سریاب تھانہ، نیو سریاب تھانہ، پولیس ٹریننگ کالج (پی ٹی سی) سینٹر، قاسم لائن، اے ٹی ایف کمپلیکس مشرقی بائی پاس اور ملحقہ علاقوں کا معائنہ کیا اور پولیس افسران و اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں۔ آئی جی بلوچستان محمد طاہر کے دورے کا مقصد کوئٹہ میں پولیس کی مجموعی کارکردگی، سکیورٹی انتظامات، تھانوں کے نظام، پولیس نفری کی تعیناتی، حساس مقامات کی سکیورٹی اور جرائم کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر متعلقہ پولیس افسران نے آئی جی بلوچستان کو اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی نوعیت، پولیس گشت، ناکہ بندی، سرچ آپریشنز، تھانوں کی کارکردگی اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران پر زور دیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا بنیادی مقصد عوام کو تحفظ فراہم کرنا، ان کے مسائل سننا اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے، اس لیے تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کیا جائے اور ان کی شکایات کو فوری طور پر سنا اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ دورے کے دوران آئی جی بلوچستان نے تھانوں کے مختلف حصوں، ریکارڈ رومز، حوالات، ڈیوٹی رومز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور پولیس افسران سے انتظامی معاملات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی، حاضری، گشت کے نظام اور تھانوں میں دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ ایک اہم صوبائی دارالحکومت ہے جہاں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس گشت اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ حساس اور اہم مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سریاب، نیو سریاب، مشرقی بائی پاس اور ملحقہ علاقوں میں پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں، صرف دفاتر تک محدود نہ رہیں اور اپنے علاقوں میں پولیسنگ کے نظام کو خود مانیٹر کریں۔ آئی جی بلوچستان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس، بروقت معلومات کے تبادلے اور فیلڈ پولیسنگ کے ذریعے جرائم اور امن و امان کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مشکوک افراد اور جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، تاہم پولیس کارروائی ہمیشہ قانون اور ضابطے کے مطابق ہونی چاہیے۔ آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ پولیس اہلکار عوام کے محافظ ہیں اور ان کے رویے سے محکمہ پولیس کا تاثر قائم ہوتا ہے۔ شہریوں کے ساتھ عزت اور احترام سے پیش آنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ تھانے کو شہری کے لیے خوف کی جگہ نہیں بلکہ انصاف اور داد رسی کا مرکز ہونا چاہیے۔ انہوں نے افسران کو مزید ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے تھانہ سطح پر مؤثر نظام بنایا جائے اور کسی بھی شکایت کو غیر ضروری طور پر زیر التوا نہ رکھا جائے۔ ایف آئی آر کے اندراج، تفتیش، ملزمان کی گرفتاری اور مقدمات کی پیش رفت کے معاملات کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے۔ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے پر توجہ، اہلکاروں کی تربیت اور سکیورٹی اقدامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے اپنے دورے کے دوران پولیس ٹریننگ کالج سینٹر، قاسم لائن اور اے ٹی ایف کمپلیکس کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں، ڈسپلن اور فیلڈ آپریشنز کے لیے تیاری کے امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال میں پولیس اہلکاروں کی تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ پولیس کو جدید اسلحہ کے استعمال، تفتیشی مہارت، انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے مسلسل تربیت فراہم کی جائے۔ آئی جی بلوچستان نے قاسم لائن اور اے ٹی ایف کمپلیکس کے دورے کے دوران پولیس اہلکاروں کے حوصلے اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پولیس نے صوبے میں امن کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور پولیس کے شہدا کی قربانیاں محکمہ اور پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے افسران اور جوان اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری، نظم و ضبط اور جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ ڈیوٹی میں غفلت یا لاپرواہی نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ شہریوں کی سلامتی کو بھی متاثر کر سکتی ہے، اس لیے ہر اہلکار کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔ آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط رابطہ امن و امان کے لیے انتہائی اہم ہے۔ مقامی عمائدین، تاجر برادری، شہریوں اور دیگر طبقات کے ساتھ رابطے کو فروغ دیا جائے تاکہ جرائم اور مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں بروقت معلومات حاصل کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اپنے علاقوں میں امن کمیٹیوں، عمائدین اور عوامی نمائندوں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ دورے کے دوران ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشنز ضیا الحق مندوخیل نے آئی جی بلوچستان محمد طاہر کو کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال، پولیس کی موجودہ تعیناتی، گشت کے نظام، اہم مقامات کی سکیورٹی، جرائم کی روک تھام اور مختلف پولیس آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ آئی جی بلوچستان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کوئٹہ کے تمام اہم اور حساس علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، پولیس گشت میں بہتری لائی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس دستوں کو ہر وقت تیار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں امن و امان کا قیام بلوچستان پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پولیس افسران اپنے علاقوں میں جرائم کے رجحانات کا تجزیہ کریں اور روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ جدید پولیسنگ کو بھی فروغ دیں۔ آئی جی بلوچستان نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود، رہائشی سہولیات، ڈیوٹی کے دوران بنیادی ضروریات اور دیگر مسائل کو بھی ترجیح دی جائے تاکہ اہلکار بہتر ماحول میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔ یو این اے کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، تربیت یافتہ، بااخلاق اور پیشہ ور پولیس فورس ہی شہریوں کو مؤثر تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔ بلوچستان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔ دورے کے اختتام پر آئی جی بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی میں مزید بہتری لائیں، عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانونی کارروائیوں کو تیز کریں اور کوئٹہ کے شہریوں کے لیے ایک محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں۔
