کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی بندش سے شہریوں، طلباء اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دوسرے روز موبائل انٹرنیٹ سروس کی بندش ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مواصلاتی نظام متاثر ہونے سے طلباء، تاجروں، کاروباری افراد، سرکاری و نجی اداروں سے وابستہ افراد سمیت عام شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ موبائل انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے باعث شہریوں کو ایک دوسرے سے رابطے میں دشواری پیش آرہی ہے، جبکہ آن لائن کاروبار، ڈیجیٹل ادائیگیوں، آن لائن کلاسز، تعلیمی سرگرمیوں اور دیگر ضروری امور بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث طلباء کو آن لائن تعلیمی مواد تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ فری لانسنگ اور آن لائن کام کرنے والے نوجوان بھی متاثر ہورہے ہیں۔ تاجروں اور کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ کاروباری سرگرمیوں کا بنیادی حصہ بن چکا ہے، تاہم سروس کی بندش سے انہیں مالی نقصان اور کاروباری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق انٹرنیٹ کی غیر یقینی صورتحال کے باعث ضروری رابطے بھی متاثر ہورہے ہیں، جبکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت رابطہ کرنا بھی مشکل بن جاتا ہے۔ عوام نے متعلقہ حکام اور حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ مواصلاتی سروس کی بندش کی وجوہات واضح کی جائیں اور سروس کو بلا تعطل بحال کیا جائے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان پہلے ہی مختلف مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں موبائل انٹرنیٹ سروس کی بندش سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی یقینی بنائی جائے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر سکیورٹی وجوہات کی بنا پر سروس معطل کی گئی ہے تو اس حوالے سے شہریوں کو واضح طور پر آگاہ کیا جائے، جبکہ سروس کی بحالی کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ طلباء، تاجر، کاروباری افراد اور عام شہری معمول کی زندگی اور ضروری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔

WhatsApp
Get Alert