لیہ میں مڈل کلاس لوگ 8500 میں پورا مہینہ گھر چلاتے ہیں، ن لیگی ایم پی اے کا دعویٰ

وہاں 8500 روپے بہت بڑی رقم ہے، مہنگائی کی شرح بھی بہت کم ہے، لوگ برانڈ کے شوقین نہیں ہیں، تقریباً 2 ہزار روپے میں ہفتے بھر کا بنیادی سامان خریدلیا جاتا ہے، میرا گھر 8500 میں نہیں چل سکتا؛ سمیعہ شہانی کی گفتگو


لاہور(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی سمیعہ شہانی نے لیہ میں 8500 روپے میں گھر کا ماہانہ خرچ چلنے سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیہ میں 8500 روپے بہت بڑی رقم ہے اور وہاں مہنگائی کی شرح کم ہونے کے باعث متوسط طبقے کے بعض خاندان اس رقم میں پورا مہینہ گھر چلا لیتے ہیں۔ ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سمیعہ شہانی نے کہا کہ لیہ میں لوگ زیادہ برانڈز کے شوقین نہیں اور عام کریانہ سٹور سے روزمرہ استعمال کی اشیا خریدتے ہیں، انہوں نے اپنے اردگرد متعدد اساتذہ کو دیکھا ہے جو 8500 روپے میں اپنے گھر کا ماہانہ خرچ بہتر انداز میں چلا رہے ہیں۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ خود 8500 روپے میں پورا مہینہ گھر چلا سکتی ہیں؟ تو سمیعہ شہانی نے جواب دیا کہ ان کا اپنا گھر اس رقم میں نہیں چل سکتا، تاہم انہوں نے اپنے قریبی رشتہ داروں اور خاندان کے افراد کو اس رقم میں گھر چلاتے دیکھا ہے۔


انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی ایک کزن بھی ٹیچر ہیں جنہوں نے کمیٹی وغیرہ ڈال کر گھر میں سولر لگایا ہوا ہے، دن کے اوقات میں گھر کے زیادہ تر کام شمسی توانائی سے چلتے ہیں، جس سے بجلی کے بل میں بچت ہوتی ہے اور ماہانہ اخراجات کو محدود رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
ن لیگی ایم پی اے کا کہنا ہے کہ گھر کا ہفتہ وار راشن بھی محدود بجٹ میں خریدا جاتا ہے، ان کے شوہر پیر کے روز پورے ہفتے کا ضروری سامان خرید کر لے آتے ہیں، جس میں سبزیاں اور پھل بھی شامل ہوتے ہیں، تقریباً 2 ہزار روپے میں ہفتے بھر کا بنیادی سامان خرید لیا جاتا ہے اور خاندان عام کریانہ اسٹور سے اشیا خرید کر اخراجات کو قابو میں رکھتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert