ثناء اللہ اچکزئی کے انتقال پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کا اظہارِ افسوس


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کے جواں سال صاحبزادے ثناء اللہ اچکزئی کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی، غمرازی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ثناء اللہ اچکزئی کا اچانک انتقال انتہائی افسوسناک اور اہلِ خانہ کے لیے ناقابلِ تلافی صدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوان بیٹے کی اچانک جدائی والدین اور اہلِ خانہ کے لیے انتہائی کرب اور دکھ کا باعث ہوتی ہے، اور اس عظیم صدمے کا کوئی نعم البدل نہیں۔
گورنر بلوچستان نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کے اہلِ خانہ کے غم کو محسوس کرتے ہیں۔
جعفر خان مندوخیل نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم ثناء اللہ اچکزئی کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان، بالخصوص ان کے والدین کو یہ ناقابلِ برداشت صدمہ صبر، حوصلے اور استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
گورنر بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور انہیں اس مشکل گھڑی میں حوصلہ و ہمت دے۔ آمین۔

WhatsApp
Get Alert